تشدّد اور زیادتی سے متاثرہ افراد کے لئے ہیلپ لائن /helpline (VO لائن)116 006 ایک ایسی امدادی فون سروس ہے جو قریبی رشتوں میں تشدّد یا زیادتی کا شکار ہونے والے سب لوگوں کے لیے ہے۔
VO لائن میں بہت سے قابل اور پرعظم ماہرین کام کرتے ہیں جو آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ آپدن یا رات ،چوبیس گھنٹے میں کسی بھی وقت فون کر سکتے ہیں۔ ہم آپ کو پیش مشکلات کے بارے میں سنتے ہیں، ہم سوالات کا جواب دے سکتے ہیں اور مشورہ اور رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔ VO لائن کی چیٹ سروس (chat service) بھی ہے۔ چیٹ اور فون کالیں، رابطہ کرنے والوں کے لئے مکمل طور پر رازدارانہ اور مفت ہیں۔ رابطہ کرنے والوں سے ان کا نام ، پتہاور دیگر ذاتی تفصیلات دریافت نہیں کی جائیں گی۔
فون نمبر: 116 006
volinjen.no پر ہمارے ساتھ چیٹ کریں
VO لائن نارویجن اور انگلش زبانوں میں بات چیتکی سہولت پیش کرتی ہے۔ اگر آپ کو ان دونوں میں سے کوئی زبان نہیں آتی تو آپ نارویجن یا انگلش بولنے والے کسی شخص کو ساتھ لے کر ہم سے بات کر سکتے ہیں۔
آپ براہ راست اپنے مقامی پناہ گھر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہاں آپ کو پناہ گھروں کی فہرست مل جائے گی۔ پولیس، پناہ گھر اور دوسرے امدادی ادارے ضرورت ہونے پر مترجم کی خدمات مہیا کرتے ہیں۔
تشدّد سے کیا مراد ہے؟
جسمانی تشدّد
ایسا تمام تشدّد جس میں کوئی جسمانی رابطہ شامل ہو – ٹھوکر لگانا، مارنا، بال کھینچنا، دانت سے کاٹنا، پکڑ کر رکھنا، جھٹکے دینا، دھکے دینا اور گلا دبانا۔ گھر میں بند رکھنا اور دوسروں سے الگ رکھنا بھی جسمانی تشدّد کی قسمیں ہیں۔
نفسیاتی تشدّد
ایسے الفاظ اور آواز کا استعمال جس سے دوسروں کو دھمکایا جائے، نقصان پہنچایا جائے، دکھ دیا جائے یا انہیں کنٹرول کیا جائے۔ کسی کی پروا نہ کرنا، تحقیر اور بے عزتی کرنا بھی نفسیاتی تشدّد کی قسمیں ہیں۔ تشدّد کی مثالیں ایسی باتیں ہو سکتی ہیں: "میں تمہیں قتل کر دوں گا"، "تمہاری کوئی اوقات نہیں ہے"، "تم اتنی بدصورت اور موٹی ہو کہ کوئی تم سے محبت نہیں کر سکتا"۔
دبا ہوا تشدّد
وہ تشدّد جو "فضا میں طاری ہو"۔ دبے ہوئے تشدّد کی وضاحت اس خوف اور اس مسلسل ڈر کے طور پر کی جا سکتی ہے کہ اگلا تشدّد کا واقعہ ہونے والا ہے اور پتہ نہیں یہ کب ہو گا۔ اس قسم کا تشدّد اکثر ایسے ظاہر ہوتا ہے کہ تشدّد کا نشانہ بننے والا شخص اپنا طرزعمل یوں بدل اور ڈھال لیتا ہے کہ تشدّد کرنے والے کو غصہ نہ آئے۔
مادّی تشدّد
ایسا ہر طرزعمل جس میں چیزیں شامل ہوں ، جو دوسرے شخص کو نقصان پہنچائے، ڈرائے یا دکھ پہنچائے۔ مادّی تشدّد ایسے ہو سکتا ہے کہ دروازے کو ٹھوکر ماری جائے، میز پر ضرب لگائی جائے، کسی چیز کو توڑ یا پھاڑ دیا جائے۔
جنسی تشدّد
اس میں جنسی تکلیف دینےکی تمام قسمیں شامل ہیں مثلاً ایسی حرکات یا ایسی حرکات کی کوشش جن سے دوسرے شخص کی رضامندی کے بغیر جسمانی تعلق پیدا کیا جائے۔ یہ ہاتھ لگانے، جسم کے پوشیدہ حصوں کو چھونے، ہم بستری سے متعلقہ حرکات، ہم بستری اور زنا بالجبر ہو سکتا ہے۔ جسمانی تعلق کے بغیر بھی کچھ حرکات یا حرکات کی کوشش جنسی تشدّد میں شمار ہوتی ہیں جیسے جنسی باتیں کرنا، فوٹو کھینچنا، وڈیو بنانا، چھپ چھپ کر کسی کو دیکھنا اور فحش مواد دکھانا۔
معاشی تشدّد
دوسروں کے مالی معاملات کا اختیار اپنے ہاتھ میں رکھنا اور اپنے ساتھی کو مشترکہ معاشی معاملات پر اختیار نہ دینا۔ اس تشدّد کی مثال یہ ہو سکتی ہیں کہ کوئی آپ کے نام پر قرض لینے کے لیے آپ کے جعلی دستخط استعمال کرے۔
ڈیجیٹل تشدّد
سے مراد مثال کے طور پر ایسا تشدّد ہے جس میں موبائل فون یا انٹرنیٹ پر، عام طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے، دھمکیاں دی جائیں، ستایا جائے، نگرانی کی جائے یا کنٹرول کیا جائے۔ کسی کی اجازت کے بغیر اس کی فوٹو یا وڈیو پھیلانا بھی ڈیجیٹل تشدّد ہو سکتا ہے۔ ڈیجیٹل تشدّد میں آن لائن جنسی زیادتی بھی شامل ہے۔
کیا آپ اپنے قریبی لوگوں کی طرف سے تشدّد یا زیادتی کا شکار ہیں یا پہلے شکار رہ چکے ہیں؟
کیا آپ کو تشدّد کی دھمکی دی جاتی ہے؟
کیا گھر میں رہنا آپ کو غیر محفوظ لگتا ہے؟
کیا اس احساس سے آپ کا دل برا ہوتا ہے کہ حالات ویسے نہیں ہیں جیسے ہونے چاہیئں؟